فیفا ورلڈ کپ کے خلاف میکسیکو سٹی کے شہریوں کا انوکھا احتجاج

فیفا ورلڈ کپ احتجاج.webp


فیفا ورلڈ کپ کے خلاف میکسیکو سٹی کے شہریوں کا انوکھا احتجاج

ایک میچ میں استعمال ہونے والی گیند پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر بھی بنی ہوئی تھی

میکسیکو سٹی میں شہریوں نے ایک منفرد اور حیران کن احتجاج کرتے ہوئے مصروف شاہراہ کو فٹبال گراؤنڈ میں تبدیل کر دیا، جہاں مظاہرین نے میچ کھیل کر حکومت کو سخت پیغام دیا۔

مظاہرین نے سڑک کے بیچوں بیچ سفید لائنوں پر عارضی میدان بنایا اور مختلف ٹیموں کی جرسیز پہن کر دوستانہ میچ کھیلنا شروع کر دیا۔

احتجاج میں پومس، چیواس اور یووینٹس کے رنگ نمایاں تھے، جبکہ ایک منتظم لاؤڈ اسپیکر پر کمنٹری بھی کرتا رہا، جس سے ماحول کسی اسٹیڈیم کا منظر پیش کرنے لگا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے نام پر شہر کے اصل مسائل نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس احتجاج کو ورلڈ کپ آف ڈسپوزیشن کا نام دیتے ہوئے رہائش، پانی، ٹرانسپورٹ اور بجلی جیسے بنیادی مسائل پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کے باعث ہائی وے پر شدید ٹریفک جام ہو گیا، تاہم مظاہرین نے بعد میں سائیڈ لین میں جا کر دوسرا میچ شروع کر دیا۔ سڑک پر کھیلتے کھلاڑیوں کے گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی تاکہ صورتحال قابو میں رہے۔

دلچسپ بات یہ رہی کہ ایک میچ میں استعمال ہونے والی گیند پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر بھی بنی ہوئی تھی، جبکہ احتجاج کے دوران فری فلسطین اور دیگر سیاسی نعرے بھی سنائی دیے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ فٹبال لوگوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہے، لیکن حکومت کو چاہیے کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ عوام کے بنیادی مسائل کو بھی ترجیح دے، کیونکہ ان کے مطابق زندگی صرف کھیل نہیں سہولتیں بھی ضروری ہیں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ