سندھ میں سکھر ملتان موٹر وے (ایم-5) پر شدید بدانتظامی کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سکھر سے رحیم یار خان تک تقریباً 200 کلومیٹر کے روٹ پر لگائے گئے جدید اسپیڈ اینفورسمنٹ کیمرے چوری ہو گئے ہیں یا مکمل طور پر غیر فعال ہو چکے ہیں۔
موٹر وے پولیس کا عملہ اب پرانی طرز کا طریقہ اپنا رہا ہے اور سڑک کے کنارے دستی اسپیڈ کیمرے لگا کر جرمانے وصول کر رہا ہے۔ اس صورتحال سے نہ صرف ٹریفک انتظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ موٹر وے کی سیکیورٹی اور نگرانی کا نظام بھی شدید خطرے میں پڑ گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ وفاقی منصوبوں کی دیکھ بھال میں ناقص کارکردگی کی ایک اور مثال ہے۔ کیمروں کے ساتھ ساتھ سولر پینلز اور دیگر آلات بھی متاثر بتائے جا رہے ہیں۔
متعلقہ حکام نے ابھی تک اس بڑی چوری پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا، جبکہ شہریوں میں اسے بدانتظامی اور نگرانی کی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔

