اسلام آباد (16 اپریل 2026) — اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کر دی ہے کہ سعودی عرب کی وزارت خزانہ سے 2 ارب ڈالر کے فنڈز موصول ہو گئے ہیں۔ یہ رقم 15 اپریل 2026 کی ویلیو ڈیٹ پر کریڈٹ کی گئی۔
یہ ڈپازٹ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس کا حصہ ہے، جو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایک روز قبل واشنگٹن میں اعلان کیا تھا۔ ان اضافی 3 ارب ڈالرز میں سے 2 ارب ڈالر کی ادائیگی ہو چکی ہے جبکہ باقی رقم جلد متوقع ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ یہ اضافی ڈپازٹس سابقہ سالانہ "رول اوور” انتظام کا حصہ نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب نے پاکستان میں موجودہ 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو بھی طویل مدت کے لیے بڑھا دیا ہے، جسے اب سالانہ رول اوور کی شرط سے آزاد کر دیا گیا ہے۔ اس توسیع سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں استحکام آئے گا اور بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ پیش رفت وزیر اعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے دورے کے دوران سامنے آئی ہے، جو مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کا حصہ ہے۔

