انطالیہ — ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کی بدولت خطے میں جنگ رکنے میں مدد ملی۔
اردوان نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے اور مختلف خطوں میں جاری تنازعات انسانیت کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے دوران روزانہ بڑی تعداد میں بچے، خواتین اور نوجوان متاثر ہو رہے ہیں جبکہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں حملے جاری ہیں اور اب تک 754 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
ترک صدر نے کہا کہ غزہ کی صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی نظام کس مقصد کے لیے کام کر رہا ہے اور اس پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں مزید جرات اور بہادری دکھانے کی ضرورت ہے اور ترکیہ خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اردوان نے جنگ بندی کو امن کے ایک حقیقی موقع کے طور پر دیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں انسانیت کے مستقبل پر سنجیدہ گفتگو کی جاتی ہے۔

