چین کے خلائی پروگرام کے لیے دو پاکستانی خلاباز امیدوار منتخب


محمد ذیشان علی اور خرم داؤد جلد تربیت کے لیے چین روانہ ہوں گے
پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا گیا ہے۔ چین کے خلائی پروگرام کے تحت دو پاکستانی نوجوانوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو خلاباز امیدوار کے طور پر منتخب کرلیا گیا ہے، جنہیں جلد ہی تربیت کے لیے چین بلایا جائے گا۔
انتخاب کا یہ عمل کئی مراحل پر مشتمل تھا اور پہلا مرحلہ رواں ماہ اپریل کے آغاز میں کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ سخت جسمانی، ذہنی اور تکنیکی معیارات پر پورا اترنے کے بعد ان دونوں امیدواروں کو حتمی طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
یہ انتخاب پاک چین خلائی تعاون کے وسیع تر فریم ورک کا حصہ ہے۔ چین اپنے خلائی اسٹیشن پروگرام میں دوست ممالک کو شامل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پاکستان اس شراکت داری سے مستفید ہونے والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت نہ صرف پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی ایک نئی جہت دیتی ہے۔ تربیت کی تکمیل کے بعد یہ خلاباز پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خلائی مشن میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

متعلقہ پوسٹ