لاہور —
حکومت پنجاب نے بسنت 2027ء کے سلسلے میں پتنگ بازی کے جامع قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں جن پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026ء مقرر کی گئی ہے۔
یہ قواعد سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، سی پی اوز اور سی ٹی اوز کو باضابطہ طور پر ارسال کر دیے گئے ہیں۔
نئے ضوابط کے مطابق پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں پر جائز ہوگی جہاں کم از کم ساڑھے تین فٹ اونچی چار دیواری لازمی شرط ہے۔ چھتوں پر بھاگنے، کودنے، خطرناک انداز اپنانے اور گنجائش سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پتنگ بازی کے دوران شور شرابہ، ڈی جے سسٹمز اور ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کو بھی جرم قرار دے دیا گیا ہے۔
قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت مالکان اور ایونٹ منتظمین کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

