ابوظبی — علاقائی کشیدگی کے باعث کئی روز تک معطل رہنے کے بعد ابوظبی کے زاید انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے محدود کمرشل پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ابوظبی کی قومی ایئرلائن اتحاد ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ 6 مارچ 2026 سے محدود تجارتی پروازیں بحال کی جا رہی ہیں۔ پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو جلد از جلد ان پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا اور etihad.com پر ٹکٹ فروخت بھی شروع ہو گئی ہے۔
6 مارچ سے 19 مارچ کے درمیان ابوظبی سے 25 بین الاقوامی مقامات کے لیے پروازیں آپریٹ ہوں گی جن میں احمد آباد، بینکاک، بنگلور، قاہرہ، کولمبو، دہلی، فرینکفرٹ، ہنوئی، حیدرآباد، جدہ، کوالالمپور، لندن ہیتھرو، میڈرڈ، مالے، میلان، ماسکو، ممبئی، نیویارک، پیرس، پھوکیت، ریاض، روم، سیول، ٹورنٹو اور زیورخ شامل ہیں۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک اتحاد ایئرویز کی جانب سے براہِ راست اطلاع نہ ملے یا پختہ بکنگ نہ ہو، ائیرپورٹ کا رخ نہ کریں۔ یہ فیصلہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر وسیع حفاظتی جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔
28 فروری 2026 یا اس سے پہلے جاری کردہ ٹکٹ رکھنے والے وہ مسافر جن کا سفر 21 مارچ تک کا تھا، وہ مفت ری بکنگ یا ریفنڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ علاقائی کشیدگی کے آغاز سے اب تک خطے میں 11,000 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

