راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) — پاک فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعرات کو واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک میوچل ڈیفنس معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان کے لیے بھی خطرہ تصور کیا جائے گا اور پاکستان اپنا عہد ہر صورت پورا کرے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ بھارتی جارحیت کی صورت میں سعودی عرب کا کیا کردار ہوگا، تو ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ کئی دہائیوں پر محیط برادرانہ، جذباتی اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور اس کی افواج کو اس عظیم ذمہ داری کے لیے چنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآنی حکم کے مطابق عہد پورا کرنا فرض ہے اور پاکستان اپنے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
بھارت کو خبردار کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فوج اور عوام میں دوری کا بھارتی تاثر سراسر غلط فہمی پر مبنی تھا۔ انہوں نے کہا کہ جتنی قربانیاں پاکستان نے دی ہیں اور جس طرح وہ دفاع کے لیے تیار ہے، اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔

