اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ریٹائرڈ) سردار محمد ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے پر گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعے کی جلد از جلد انکوائری مکمل کرنے، ذمہ داران کا تعین کرنے اور مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کرنل (ر) ایوب گادھی مسلم لیگ (ن) کے محنتی اور جاں نثار کارکن ہیں۔ عوامی مسائل سنتے ہوئے ان کے ڈیرے پر حملہ انتہائی قابل تشویش ہے۔
وزیراعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے زخمی افراد، خصوصاً ایم پی اے ایوب گادھی کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔
واقعے کی تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے رجانہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایم پی اے ایوب گادھی کے ڈیرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔

