ایئرپورٹس پر مسافروں کی آف لوڈنگ: 142 ایف آئی اے افسران کے خلاف شکایات، 85 کو سزائیں

images 11 11


اسلام آباد  — 13 مئی 2026
ملک کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مسافروں کی آف لوڈنگ سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایف آئی اے کی ایک اندرونی رپورٹ کے مطابق سال 2025-26 کے دوران سینکڑوں مسافروں کو مختلف وجوہات پر طیاروں سے اتارا گیا جس کے بعد اختیارات کے ناجائز استعمال پر ایف آئی اے کے 85 افسران و اہلکاروں کو سخت سزائیں دی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق آف لوڈنگ کے سینکڑوں واقعات میں سے 142 ایف آئی اے افسران کے خلاف باقاعدہ شکایات موصول ہوئیں۔ ائرپورٹ کے لحاظ سے اسلام آباد ایئرپورٹ سب سے آگے رہا جہاں سے 62 شکایات سامنے آئیں، جبکہ کراچی ایئرپورٹ سے 54 اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 32 شکایات درج کی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق زیادہ تر آف لوڈنگ ناکافی فنڈز، ہوٹل بکنگ نہ ہونے، نامکمل سفری دستاویزات، پروٹیکٹر اسٹیمپ کی غیر موجودگی، اوکے ٹو بورڈ سرٹیفکیٹ نہ ہونے اور تعلیمی دستاویزات نامکمل ہونے کی بنا پر کی گئی اور بیشتر کیسز میں آف لوڈنگ کو قانونی اور قواعد کے مطابق قرار دیا گیا۔
تاہم متعدد کیسز میں سنگین بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر غیر قانونی رقم طلب کرنے کی شکایت پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کر دی گئی، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس پر امیگریشن اسٹاف کے خلاف تحقیقات کا حکم جاری ہوا، سیالکوٹ ایئرپورٹ کا معاملہ گوجرانوالہ زون کو سونپا گیا جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک خاتون مسافر سے بدسلوکی کی شکایت ایڈیشنل ڈی جی امیگریشن کو بھجوائی گئی۔
ایف آئی اے لاہور زون نے تمام شکایات کی تفصیلی رپورٹ کمپلینٹ سیل، وفاقی محتسب اور ایوی ایشن حکام کو ارسال کر دی ہے۔ بعض کیسز میں درخواست گزاروں نے بعد ازاں اپنی شکایات واپس لے لیں۔

متعلقہ پوسٹ