ن لیگ نے پی ڈی ایم میں ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا، حکومت مفلوج ہو چکی ہے: ایمل ولی خان

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے حکومت اور حکومتی اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دوران مسلم لیگ (ن) نے ان کی جماعت کی "پیٹھ میں چھرا گھونپا”، جبکہ موجودہ حکومت مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے وفاقی بجٹ پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ بجٹ پاکستان نے تیار کیا ہے یا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر حکمران جماعت کے ارکان کو بھی بجٹ پیش کیے جانے کے روز ہی اس کی تفصیلات کا علم ہوا ہوگا۔

اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ بجٹ پہلے سے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق تیار ہو کر آیا ہے اور پارلیمان اس میں خاطر خواہ تبدیلی کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو کبھی مسلم لیگ (ن) کی سیاسی صفوں میں نہیں دیکھا گیا، جس سے حکومت کے فیصلوں اور پالیسی سازی کے انداز پر سوالات جنم لیتے ہیں۔

ایمل ولی خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی معاملات اور اقتصادی پالیسیوں پر پارلیمان کو مؤثر کردار دیا جائے اور عوامی نمائندوں کی رائے کو اہمیت دی جائے۔

متعلقہ پوسٹ