اسلام آباد: آسٹریلوی ہائی کمیشن نے ہانیہ احمد کیس پر باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان میں جاں بحق ہونے والے آسٹریلوی شہری کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ہائی کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہے اور اس افسوسناک واقعے میں ایک معصوم جان کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آسٹریلوی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو قونصلر معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے دو آسٹریلوی شہریوں کو بھی ضروری قونصلر مدد حاصل ہے۔
آسٹریلوی محکمہ خارجہ اور تجارتی امور (DFAT) متاثرہ خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
ہائی کمیشن نے مزید کہا کہ آسٹریلیا اس المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار جاری رکھے گا۔
بیان میں واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، جبکہ متعلقہ حکام معاملے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

