افغانستان کرکٹ بورڈ (ACB) نے سیکیورٹی خدشات اور حالیہ سرحدی کشیدگی کے بعد اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے باضابطہ طور پر انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان میں آئندہ ماہ طے شدہ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز خطرے میں پڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب پکتیکا صوبے میں تین افغان کرکٹرز ایک فوجی حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ افغان بورڈ نے اس واقعے کو کھیلوں کے شعبے کے لیے "بڑا سانحہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹیم کو بیرونِ ملک بھیجنا ممکن نہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والے کھلاڑیوں میں کیبیر آغا ارگون، سبغتاللہ زیروک اور ہارون شامل تھے جو ایک مقامی دوستانہ میچ کھیلنے کے بعد واپسی پر تھے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 سے 29 نومبر تک طے تھی، جس میں سری لنکا بھی شرکت کرنے والی تھی۔ تاہم افغان ٹیم کے انخلا کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے کہا ہے کہ وہ سیریز کو جاری رکھنے کے لیے متبادل آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق "ہم سیریز کو ہر حال میں کرانے کے خواہاں ہیں۔ متبادل ٹیموں سے بات چیت جاری ہے، جلد نئی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔”
ذرائع کے مطابق ACB کے فیصلے کے پیچھے صرف سیکیورٹی نہیں بلکہ سیاسی اور سفارتی کشیدگی بھی ایک بڑی وجہ ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات حالیہ سرحدی جھڑپوں اور فضائی حملوں کے بعد مزید کشیدہ ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اس فیصلے سے خطے میں کرکٹ تعلقات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور یہ مستقبل کی باہمی سیریز پر بھی اثر انداز ہوگا۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (ICC) کی جانب سے اس معاملے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

