مظفرآباد — ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے فل بینچ نے ایک تاریخی فیصلے میں الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو حکم دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت باقاعدہ رجسٹر کیا جائے اور پارٹی کو اپنے روایتی انتخابی نشان "بلا” پر الیکشن لڑنے کا حق دیا جائے۔
کیس کی سماعت ہائی کورٹ کے فل لارجر بینچ نے کی، جس نے الیکشن کمیشن کے اس موقف کو مسترد کر دیا جس میں پی ٹی آئی کی رجسٹریشن سے انکار کیا گیا تھا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جماعت کو آئینی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے لیے ایک بڑی قانونی فتح تصور کیا جا رہا ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں جب پارٹی کو ملک بھر میں مختلف قانونی و انتخابی چیلنجز کا سامنا ہے۔

