ایران نے لبنان سے اسرائیلی انخلا کی واضح ٹائم لائن مانگ لی، امریکا سے فوری اقدامات کا مطالبہ

IMG 20260628 WA1577


تہران / بیروت — ایران نے لبنان کے حوالے سے اپنا موقف مزید سخت کرتے ہوئے اسرائیل سے لبنانی سرزمین سے مکمل انخلا کی واضح اور پابند ٹائم لائن کا مطالبہ کر دیا ہے، جبکہ واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اتحادی اسرائیل کی جارحانہ کارروائیاں فوری طور پر بند کروائے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ "لبنان میں جنگ کا مکمل خاتمہ کسی بھی پائیدار معاہدے کی بنیادی اور ناگزیر شرط ہے”۔ انہوں نے واضح کیا کہ محض جنگ بندی کے وعدے کافی نہیں، بلکہ اسرائیل کو ایک قابلِ عمل اور قابلِ تصدیق شیڈول کے تحت لبنان سے نکلنا ہوگا۔
بقائی نے امریکا کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کو اب الفاظ سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے ہوں گے اور اسرائیل کو لبنان میں جاری فوجی آپریشنز فوری طور پر روکنے پر مجبور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس تنازعے میں غیرجانبدار فریق نہیں بلکہ ایک فعال شریک ہے اور اسی لیے اس کی ذمہ داری بھی اتنی ہی بڑی ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی فوجی کارروائیاں نہ رکیں تو خطے میں کوئی بھی سفارتی پیش رفت ممکن نہیں اور صورتحال مزید خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔
تہران کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور علاقائی سفارت کاری کئی محاذوں پر سرگرم ہے۔ ایران نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

متعلقہ پوسٹ