امریکہ، ایران حملے بند کرنے پر متفق، دوحہ میں مذاکرات آج متوقع

iraamer d 1


امریکہ اور ایران نے تازہ جھڑپوں کے بعد ایک دوسرے پر حملے روکنے اور جنگ بندی کے تسلسل کے لیے بات چیت پر آمادگی ظاہر کر دی۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق دونوں ممالک نے حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے اور آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے منگل کو دوحہ میں ملاقات طے پائی ہے۔
خیال رہے کہ جنگ بندی کو محض گیارہ دن گزرے تھے کہ یہ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی، دوبارہ حملے ہوئے اور صدر ٹرمپ نے جنگ دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دی۔ تنازع مفاہمتی یادداشت کی مختلف تشریحات، خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق شق پر پیدا ہوا۔ امریکی عہدیدار کے مطابق تمام عسکری کارروائیاں روک دی گئی ہیں، بحری جہاز آزادانہ آمدورفت کریں گے جبکہ تکنیکی مذاکرات جاری رہیں گے۔
ادھر ایران نے خلیجی ممالک کو نئے علاقائی سیکورٹی اتحاد کی پیشکش کر دی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی خود سنبھالنی چاہیے اور بیرونی فوجی طاقتوں کو دور رکھا جائے۔ دوسری جانب مسقط میں ایران، عمان مشترکہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ پوسٹ