میکسیکو کے شہر لاگوس ڈی مورینو (صوبہ جالسکو) میں ایک نقاب پوش شخص، جسے انٹرنیٹ پر ”میکسیکن بیٹ مین“ کا نام دیا گیا ہے، موٹر سائیکل چوروں کو پکڑ کر گلی کے کھمبوں سے ٹیپ کی مدد سے باندھ دیتا ہے۔ وہ بطور نشان ان کے چہروں پر بلی کی مونچھیں بنا دیتا ہے اور پیشانی پر ہسپانوی لفظ ”ratero“ (چور) لکھ دیتا ہے۔
یہ شخص مبینہ جرائم کی تفصیلات گلابی اور پیلے کاغذوں پر لکھ کر بندھے ہوئے افراد کے اوپر لٹکا دیتا ہے، جبکہ ثبوت کے طور پر چوری شدہ موٹر سائیکل بھی قریب رکھ دیتا ہے۔ متعدد افراد کی پٹائی بھی کی گئی، جن میں ایک کی حالت خاصی خراب پائی گئی۔ اس ”انصاف پسند مہم“ کے باوجود پولیس اس شخص کو مجرم اور کھمبوں سے بندھے افراد کو متاثرہ فریق تصور کر رہی ہے۔
پہلا واقعہ ۱۳؍ جون کو سامنے آیا جب ایک نوجوان کھمبے سے بندھا پایا گیا، جس کے اوپر چوری کا الزام عائد کرنے والا کارڈ بورڈ سائن بورڈ آویزاں تھا۔ بعدازاں مزید ایسے واقعات رپورٹ ہوئے۔ اسٹیٹ سیکوریٹی سیکریٹری جوآن پابلو ہرنانڈیز کے مطابق حکام نے اب تک پانچ ایسے معاملات کی نشاندہی کی ہے اور دو مشتبہ گاڑیوں کا سراغ لگایا ہے، تاہم ملزم تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔

