ہندوستان و پاکستان کی ۱۱۷ نمایاں شخصیات کا مودی و شہباز شریف کے نام کھلا خط: دشمنی ختم کر کے مذاکرات بحال کرنے کا مطالبہ


نئی دہلی/اسلام آباد: برصغیر میں دیرینہ کشیدگی کے پس منظر میں ہندوستان اور پاکستان کے ۱۱۷ ممتاز افراد نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم شہباز شریف کے نام مشترکہ کھلا خط جاری کیا ہے۔ سینٹر فار پیس اینڈ پروگریس کی جانب سے جاری کیے گئے اس خط پر ہندوستان کی ۶۱ اور پاکستان کی ۵۶ اہم شخصیات کے دستخط ہیں، جن میں فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی، میرواعظ عمر فاروق، منی شنکر ایّر، اے ایس دولت اور منوج جھا کے علاوہ پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، اشرف جہانگیر قاضی، پرویز ہود بھائی اور بینا سرور شامل ہیں۔
خط میں دونوں رہنماؤں سے ٹکراؤ کی سیاست ترک کر کے مکالمے، تعاون اور معمول کے تعلقات کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دستخط کنندگان نے مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی، نئی دہلی و اسلام آباد میں ہائی کمشنروں کی دوبارہ تقرری اور ویزا خدمات بحال کرنے پر زور دیا۔
خط میں جموں و کشمیر کے معاملے پر ۲۰۰۴ تا ۲۰۰۷ کے مذاکراتی ڈھانچے پر نظرثانی، فوجی کشیدگی میں مرحلہ وار کمی اور دونوں ممالک کے جائز سیکوریٹی خدشات کے احترام کی تجویز دی گئی۔ اٹاری۔واگھا سرحد کی مکمل بحالی، سری نگر۔مظفرآباد بس سروس، تجارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود دوبارہ کھولنے، کرتارپور راہداری کی مکمل فعالیت اور شاردہ پیٹھ تک کشمیری پنڈتوں کی رسائی جیسے عملی اقدامات بھی تجویز کیے گئے۔
خط کے اختتام پر کہا گیا: "جنوبی ایشیا کا مستقبل تقسیم و تنازع سے نہیں بلکہ امن، خوشحالی اور مشترکہ ترقی سے طے ہونا چاہیے۔”

متعلقہ پوسٹ