ایس اینڈ پی گلوبل کا پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ "B-” سے "B” کرنے کا اعلان، وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم

اسلام آباد (بیورورپورٹ محمد سلیم سے ) 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل (S&P Global Ratings) کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ "B-” سے بڑھا کر "B” کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پیشرفت ملکی معیشت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے اور حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط اور اصلاحاتی اقدامات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے کی جانب سے درجہ بندی میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ معیشت کو استحکام دینے، ٹیکس نظام بہتر بنانے، مالی خسارے میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط بنانے کے لیے حکومتی اقدامات درست سمت میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مشکل مگر ضروری معاشی فیصلے کیے جن کے مثبت نتائج اب عالمی سطح پر تسلیم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معاشی ترقی کی رفتار میں مزید اضافہ ہو گا۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، اقتصادی ٹیم اور متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات کا سفر پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو پائیدار اور مضبوط اقتصادی بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ پوسٹ