ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوگی حکومت اب نئی نسل، خصوصی طور پر جین- زی، کو پورے اتر پردیش گائے کے تحفظ سے متعلق اپنی مہم سے جوڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دیہی سطح پر چلائی جانے والی مہم کے توسط سے نوجوانوں کو گائے کے تحفظ ، گئو سیوا اور اس کی سماجی و معاشی اہمیت کے بارے میں بیدار کیا جائے گا۔
تصویر: پی ٹی آئی
نئی دہلی:اتر پردیش حکومت نے اتوار( 16 اگست) کوگائے کے تحفظ سے متعلق مہم کے تحت ’10,000 گئو متروں‘کو تربیت دینے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت کے مطابق، اس کا مقصد نوجوان نسل کو گائے کے تحفظ کے بارے میں بیدار کرنا اور اسے دیہی معیشت، قدرتی کھیتی، خواتین کو بااختیار بنانے، گرین انرجی اور روزگار سے جوڑ کر آتم نربھرتا یعنی خود کفیل ہونے کا ایک ماڈل تیار کرنا ہے۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، حکومت کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا،’یوگی حکومت اب نئی نسل، خصوصی طور پر جین- زی، کو پورے اتر پردیش میں اپنی مہم سے جوڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ دیہی سطح پر چلائی جانے والی مہم کے توسط سے نوجوانوں کو گئو رکشا، گئو سیوا اور اس کی سماجی و معاشی اہمیت کے بارے میں بیدار کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تقریباً 10,000 ’گؤ متر‘ تیار کیے جائیں گے۔ پہلے ماسٹر ٹرینر کو تربیت دی جائے گی، جو بعد میں دیگر لوگوں کو تربیت دیں گے۔ ایسے افراد کو ترجیح دی جائے گی جن کی پہلے سے گئو رکشا اور گئو سیوا میں دلچسپی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے ساتھ ہی یوگی حکومت گئو رکشا کو دیہی معیشت، قدرتی کھیتی، خواتین کو بااختیار بنانے، گرین انرجی اور روزگار سے جوڑ کر آتم نربھرتا یعنی خود کفالت کا ماڈل تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔
اخبار نے اتر پردیش گئو سیوا کمیشن کے چیئرمین شیام بہاری گپتا کے حوالے سے کہا، ’وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گئو رکشا کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ گئو رکشا صرف گئو شالاؤں تک محدود نہ رہے، بلکہ اس سے روزگار اور دیہی خوشحالی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔ اسی سوچ کے تحت گئو شالاؤں کو گوبر اور گئو موتر پر مبنی معاشی سرگرمیوں، قدرتی کھیتی، بایو گیس اور دیگر کاروباری سرگرمیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔‘
گپتا نے مزید کہا، ’نئی پہل میں بچوں اور نوجوانوں کو گئو رکشا سے جوڑنے پر سب سے زیادہ زور دیا جائے گا۔ گاؤں میں چلائی جانے والی مہم کے ذریعے انہیں مقامی مویشیوں کی نسلوں، گئوسیوا، قدرتی کھیتی اور دیہی معیشت میں گایوں کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ نئی نسل گئو رکشا کے ماحولیاتی اور معاشی پہلوؤں کو بھی سمجھ سکے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ مہم کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جائیں گے۔ اس کے بعد یہ ماسٹر ٹرینرز دوسرے لوگوں کو تربیت دیں گے۔
بیان میں کہا گیا، ’اس کے ذریعے حکومت کا منصوبہ گاؤں گاؤں میں تربیت یافتہ افراد کا ایک نیٹ ورک قائم کرنا ہے۔ گئو رکشا میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو ترجیح دی جائے گی۔‘
واضح ہو کہ ریاست میں اگلے سال کے شروع میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔

