سولہ ماہ کی ہندوستانی نژاد بچی امریکہ کے تمام ۶۳ قومی پارکس دیکھنے والی کم عمر ترین شخصیت بننے کی راہ پر


واشنگٹن — امریکہ کی ریاست الینوائے کے شہر شومبرگ میں رہنے والی صرف ۱۶ ماہ کی ہندوستانی نژاد بچی آریہ شرما ایک غیر معمولی مشن پر ہے۔ وہ امریکہ کے تمام ۶۳ قومی پارکس کا دورہ کرنے والی کم عمر ترین شخصیت بننے کی دوڑ میں شامل ہو گئی ہے۔
آریہ اپنے والدین اکشے شرما اور اپراجیتا رائے کے ساتھ اب تک ۳۴ قومی پارکس کا دورہ کر چکی ہے۔ خاندان کا ارادہ ہے کہ آئندہ دو سال میں باقی ۲۹ پارکس بھی مکمل کر لیے جائیں۔
سافٹ ویئر پروفیشنل والدین نے بتایا کہ ابتدا میں یہ محض فطرت سے بچی کو روشناس کرانے کا سفر تھا، تاہم ایک پارک رینجر کی تجویز پر انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے کوشش شروع کر دی۔ آریہ کے والد اکشے شرما نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بیٹی بڑی ہو کر جانے کہ کوئی بھی مقصد ناممکن نہیں ہوتا۔
یوسیمائٹ نیشنل پارک میں آریہ کا ایک آبشار کے سامنے خاموشی سے بیٹھ کر منظر دیکھنا والدین کے لیے سب سے یادگار لمحہ رہا۔ خاندان اس ہفتے الاسکا کا رخ کرنے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے۔
والدین سوشل میڈیا پر eternalvoyager1001 کے نام سے اپنے سفری تجربات شیئر کرتے ہیں اور دوسرے والدین کو بھی ترغیب دیتے ہیں کہ بچوں کو کم عمری ہی سے فطرت کے قریب لایا جائے۔

متعلقہ پوسٹ