ڈھاکہ / نئی دہلی —
بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال اپنے وطن واپس لوٹیں گی۔ ۷۸ سالہ شیخ حسینہ گزشتہ اگست ۲۰۲۴ء سے ہندوستان میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں، جب طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے نتیجے میں انہیں اقتدار چھوڑ کر فرار ہونا پڑا تھا۔
این ڈی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ”عوامی لیگ محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک طاقت ہے” اور انہوں نے واپسی کا مقصد جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور آزادی کے نظریات کی بحالی قرار دیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ان کے خلاف متعدد مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں سزائے موت تک کا امکان موجود ہے۔ ان کی پارٹی عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے اور درجنوں کارکنان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
شیخ حسینہ نے عدالتی فیصلوں کو ”سیاسی انتقام” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سازش پر قابو پائیں گی اور بابائے قوم شیخ مجیب الرحمٰن کے سنہری بنگلہ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے واپس آئیں گی۔

