مقبول اینیمیٹڈ فلمی فرنچائز کی تیسری فلم ’اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس‘ اس وقت توجہ کا مرکز بن گئی جب اس کا ٹریلر باضابطہ اجرا سے قبل ہی سوشل میڈیا پر سامنے آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کا ٹریلر رواں ہفتے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لیک ہوا، جس پر فلم کے کو رائٹر اور پروڈیوسر کرس ملر نے بھی ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جمعہ کو ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریلر کے اس طرح لیک ہونے کے حامی نہیں ہیں۔
Not a fan of leaks of unfinished, not fully rendered footage
— Christopher Miller (@chrizmillr) August 14, 2026
’اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس‘ کو 18 جون 2027 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں پیش کیا جانا ہے اور یہ مقبول اینیمیٹڈ سیریز کی تیسری فلم ہوگی۔
فلم کا ٹریلر لیک ہونے کا واقعہ کسی بڑی ہالی ووڈ فلم کے لیے پہلا نہیں۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ اربوں ڈالر کا بزنس کرنے والی بلاک بسٹر فلمیں ’دی اوڈیسی‘ اور ’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘ بھی سینما گھروں میں نمائش کے بعد ایکس پر غیر قانونی طور پر لیک ہوگئی تھیں۔
’اسپائیڈر مین‘ فرنچائز ماضی میں بھی ٹریلر لیک کے واقعات کا سامنا کرچکی ہے۔ 2021 میں ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کا ٹریلر بھی باضابطہ ریلیز سے کئی ہفتے پہلے انٹرنیٹ پر لیک ہوگیا تھا، جس نے فلمی شائقین میں خاصی ہلچل مچا دی تھی۔

