
(ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے تہران کو سفید جھنڈا لہرا کر ہتھیار ڈال دینے چاہئیں۔
امریکی خبر رساں ادارے فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے حوالے سے ان کی حکمت عملی کے لیے کوئی مقررہ وقت نہیں اور وہ تنازع ختم کرنے کی جلدی میں نہیں ہیں۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات بھی ایران کے حوالے سے ان کی سوچ یا فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہو رہے۔
ٹرمپ نے تصدیق کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست پسِ پردہ رابطے کا ایک چینل موجود ہے، جس میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ حکام بھی شامل ہیں، انہوں نے ایرانی حکام کو اچھے پوکر کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاہم وہ ’’ختم ہو رہے ہیں‘‘۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے سخت مؤقف دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو کسی بھی صورت اور کسی بھی شکل میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
امریکی صدر نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے مقصد کو اپنی ’’اولین ترجیح‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقصد پہلے بھی ان کی ترجیح تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔
ٹرمپ کے تازہ بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران کے معاملے میں دباؤ برقرار رکھنے اور تہران سے اپنی شرائط منوانے کے لیے سخت پالیسی پر قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امیتابھ نے ممبئی میں تین منزلیں کرائے پر دے دیں، 5 سال میں کتنی رقم حاصل ہوگی؟

