پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف بدھ سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں ان کی جگہ سلمان علی آغا قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے پری میچ پریس کانفرنس میں بابر اعظم کی عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم کے ہاتھ میں درد ہے اور میڈیکل ٹیم ان کا معائنہ کر رہی ہے۔
سرفراز احمد نے امید ظاہر کی کہ بابر اعظم دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے، بابر اعظم کو گزشتہ ہفتے بیکنہم میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف پاکستان کے تین روزہ پریکٹس میچ کے دوران انگلی پر گیند لگی تھی، واقعہ 39ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا، جب فاسٹ باؤلر مینی لمسڈن کی تیز گیند بابر کے ہاتھ پر لگی۔
چوٹ لگنے کے فوراً بعد بابر اعظم نے بیٹ چھوڑ دیا اور میڈیکل اسٹاف نے انہیں طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے، وہ 17 گیندوں پر 5 رنز بنا سکے تھے۔
یہ ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ ہے کہ بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگی ہے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بعد ازاں احتیاطی تدبیر کے طور پر بابر اعظم کو پریکٹس میچ کا باقی حصہ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل 19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہوگا، جس میں بابر اعظم کی غیر موجودگی میں سلمان علی آغا قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔


