سعودی عرب میں جاری ’انٹرنیشنل فالکن بریڈرز نیلامی‘ میں کینیڈا میں پالا گیا ایک نایاب باز 13 لاکھ سعودی ریال (تقریباً 3 لاکھ 46 ہزار ڈالر) میں فروخت ہو کر اس سال کی اب تک کی سب سے مہنگی فروخت بن گیا۔
گلف نیوز اور دیگر ذرائع کے مطابق ملہم میں نیلامی کے ساتویں روز اس باز کی ابتدائی بولی 2 لاکھ ریال سے شروع ہوئی، مگر خریداروں کے سخت مقابلے کے باعث قیمت بڑھ کر 13 لاکھ ریال تک پہنچ گئی۔ اسی کینیڈین فارم کے دو باز مجموعی طور پر 14 لاکھ 50 ہزار ریال میں نیلام ہوئے، جب کہ اسی شام ایک اور جیر فالکن چوزہ ایک لاکھ 50 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
نیلامی میں حصہ لینے والی سعودی کمپنی ’نووا فالکن کمپنی‘ کے نمائندے شدید الراشدی نے کہا کہ یہ پرندہ نایاب نسل کا ہے اور نایاب پرندوں کی کوئی مقررہ قیمت نہیں ہوتی، اس لیے بولی کی حدیں متغیر رہتی ہیں۔ گزشتہ برس اس نیلامی میں سب سے مہنگا باز 12 لاکھ ریال میں بکا تھا، لہٰذا اس سال کا تازہ ریکارڈ خلیجی خطے میں اعلیٰ نسل کے فالکنز کی بڑھتی ہوئی قدر کی نشاندہی کرتا ہے۔
بین الاقوامی فالکن بریڈرز نیلامی 25 اگست تک جاری رہے گی اور اس میں متعدد ممالک کے بریڈرز، خریدار اور فالکنری کے شوقین شرکت کر رہے ہیں۔

