’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ تنازع کے بعد ہراساں کی جانے والی اپروا نے بھارت کیوں چھوڑا؟

apurva mukhija1739687214 0



بھارتی کنٹینٹ کری ایٹر اور ’ریبل کڈ‘ کے نام سے شہرت رکھنے والی اپوروا مکھیجا نے بھارت سے نیویارک منتقل ہونے کی وجہ بتا دی۔ ان کا کہنا ہے کہ نیویارک میں تعلیم حاصل کرنا ان کا پرانا خواب تھا، جو اب پورا ہونے جارہا ہے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپوروا مکھیجا نے بتایا کہ نیویارک کی تیز رفتار طرزِ زندگی، فیشن، کھانے اور منفرد فنِ تعمیر نے انہیں ہمیشہ متاثر کیا۔ اسی دلچسپی کے باعث انہوں نے نیویارک کے ایک تعلیمی ادارے میں داخلے کے لیے درخواست دی تھی، جہاں انہیں داخلہ مل گیا۔

اپوروا کے مطابق وہ نیویارک میں ایم بی اے کی تعلیم حاصل کریں گی اور ہاسٹل میں رہ کر ایک مرتبہ پھر طالب علم کی زندگی شروع کریں گی۔ تاہم نئی زندگی کا آغاز ان کے لیے مکمل طور پر آسان نہیں، کیونکہ بھارت میں موجود دوست، پیشہ ورانہ مصروفیات اور دیگر مانوس چیزیں ان سے دور ہوگئی ہیں۔

کنٹینٹ کری ایٹر نے اعتراف کیا کہ اس بڑی تبدیلی کے باعث وہ کچھ گھبراہٹ بھی محسوس کر رہی ہیں، تاہم بیرون ملک منتقل ہونے کا مقصد صرف تعلیم حاصل کرنا نہیں بلکہ نئے لوگوں سے ملنا اور اپنے سماجی دائرے کو بھی وسیع کرنا ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا تعلق صرف مواد تخلیق کرنے والوں تک محدود نہ رہے بلکہ مختلف شعبوں سے وابستہ افراد تک بھی پھیلے۔

اپوروا مکھیجا نے اپنے ماضی کے سوشل میڈیا انداز میں تبدیلی کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ’جھگڑالو عورت‘ والا دور اب ختم ہوچکا ہے اور اب وہ سوشل میڈیا صارفین کی پسند اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مواد تیار کرتی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ نیویارک منتقل ہونے کے بعد بھی وہ اپنی مرضی کے مطابق مواد تخلیق کرتی رہیں گی، تاہم ممکن ہے کہ پہلے کی طرح باقاعدگی سے واقعات پر مبنی ویڈیوز بنانے کا سلسلہ جاری نہ رکھ سکیں۔

واضح رہے کہ اپوروا مکھیجا کو حال ہی میں نیٹ فلیکس کے رئیلٹی شو ’لاک اپ‘ کے دوسرے سیزن میں بھی دیکھا گیا تھا۔ شو میں انہوں نے تقریباً دو ہفتے تک مخبر کے کردار میں گھر میں داخل ہو کر دیگر شرکاء کے درمیان حالات اور صورتِ حال کو تبدیل کرنے کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ