کراچی:
ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی 3 مقدمات میں بریت کیخلاف پراسیکیویشن نے اپیل تیار کرلی۔
پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور دیگر حکام کو منظوری کیلئے ڈرافٹ ارسال کردیا گیا ہے جس کی منظوری کے بعد سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا فیصلہ طے شدہ اصولوں کیخلاف اور جلد بازی میں سنایا گیا ہے۔
اپیل کے مطابق فاضل جج نے 13 اگست کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی، ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر گواہوں کو نوٹس جاری ہوئے، عدالت نے اسی دن پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس جاری کیا، عدالت نے 13 اگست کی شام کو ہی ملزمان اور پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی بریت کا فیصلہ سنادیا۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ عدالتی نوٹس کے بعد پراسیکیوٹر کو کم از کم 24 گھنٹے کا وقت ملنا چاہیئے تھا، فاضل جج کو فرد جرم کے بعد پراسیکیوشن کو موقع دینا چاہیئے تھا، جو نہیں دیا گیا، فاضل جج نے مقدمے کے کسی گواہ کو بھی نہیں بلایا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کی بریت منسوخ کی جائے۔

