بیلجیم کے شاہ فلپ کے بھائی شہزادہ لارینٹ کا بیٹا ثابت ہونے کے بعد ایک سابق کار سیلزمین کو باضابطہ طور پر بیلجیم کے شہزادے کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔
۲۶ سالہ کلیمنٹ وانڈنکرخوو اگست ۲۰۰۰ء میں شہزادہ لارینٹ اور فلیمش ماڈل و گلوکارہ آئرس وانڈنکرخوو (اسٹیج نام: وینڈی وان وانٹن) کے تعلق سے پیدا ہوئے تھے۔ وہ اپنے والد کی حقیقی شناخت سے لاعلم رہے، تاآنکہ ۱۶ سال کی عمر میں والدہ نے انہیں سچائی بتائی اور اسے راز میں رکھنے کا وعدہ لیا۔
باضابطہ شناخت کی تقریب تقریباً چھ ماہ قبل منعقد ہوئی۔ ڈی این اے ٹیسٹ ۹۹.۵ فیصد میچ کے ساتھ مثبت آیا، جس کے بعد انہیں اپنے والد کی وراثت میں حصہ اور شاہی لقب استعمال کرنے کا حق مل گیا، تاہم انہیں کوئی شاہی وظیفہ نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی وہ تخت کی جانشینی کی فہرست میں شامل ہوں گے۔
کلیمنٹ نے بتایا کہ وہ برسوں خوف کے دوروں (panic attacks) کا شکار رہے، لیکن والد سے تعلق قائم ہونے کے بعد اب وہ سکون محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے شاہی خاندانی نام "وان ساکسن-کوبرگ” اپنانے سے متعلق اب بھی غیر یقینی کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنی والدہ کی قربانیوں کے پیشِ نظر وانڈنکرخوو نام چھوڑنا مناسب نہیں سمجھتے۔

