اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کی پہلی پریمیم میٹ اینڈ اسسٹ سروس ’’خوش آمدید‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کے وژن کے تحت پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کو جدید بنانے اور اسے مزید فعال بنانے کے لئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ’’خوش آمدید‘‘ سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔
یہ اقدام مسافروں کے سفری تجربے کو بہتر بنانے اور دنیا کے ممتاز ایئرپورٹس کے مطابق سروس کی فراہمی میں بہتری لانے کے لئے متعارف کرایا گیا ہے۔
وفاقی سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ہلال امتیاز (ملٹری) نے ’’خوش آمدید‘‘ سروس کا افتتاح کیا۔ سروس کے افتتاح کے موقع پر اسلام آباد سے مدینہ جانے والے ایک مسافر نے پہلی مرتبہ اس سروس سے استفادہ کیا۔
تقریب میں سرکاری اداروں، ایئرلائنز، ہوا بازی، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام اور نمائندوں نے شرکت کی۔
’’خوش آمدید‘‘ سروس میں مسافروں کے لئے کیا سہولیات ہوں گی؟
خوش آمدید سروس کے تحت مختلف پیکیجز کے ذریعے مسافروں کو ترجیحی چیک اِن اور سیکیورٹی رسائی، ذاتی معاونت، پریمیم لاؤنج کی سہولیات اور ایئرپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
یہ سروس سفارت کاروں، کارپوریٹ ایگزیکٹوز، خاندانوں، بزرگ شہریوں، گروپس اور دیگر ایسے مسافروں کے لئے تیار کی گئی ہے جو ایئرپورٹ پر آسان، بلاتعطل اور ذاتی نوعیت کے سفری تجربے کے خواہاں ہیں۔
ایئرپورٹ کے تجربے کو جدید بنانے کی جانب اقدام
وزارت دفاع کے مطابق بین الاقوامی ایئرپورٹ پر پریمیم سروس کا آغاز پاکستان کے ایئرپورٹس کو جدید بنانے کے لئے وزارت دفاع کی کوششوں کا اظہار ہے۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس ملک کے ثقافتی اور اقتصادی دروازوں کے طور پر کام کرتے ہیں اور پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایئرپورٹ سروسز میں تمام حکومتی اداروں کا مربوط کردار
خوش آمدید سروس کا آغاز حکومتی اداروں اور ایئرپورٹ سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کی مربوط اور متحد کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے ایئرپورٹس پر سروس کے معیار اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

