بلوچستان: 9 خواتین کی گرفتاری میں مدد پر نقد انعام کا اعلان

398009 610268773


حکومت بلوچستان نے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے یا ان کے لیے کام کرنے والی نو مطلوب خواتین کی گرفتاری یا ان کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے پر نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔

گوادر میں تعینات سیکیورٹی فورسز کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ حکومت بلوچستان نے ’دہشت گردی میں ملوث‘ نو انتہائی مطلوب خواتین کی گرفتاری یا ان کے بارے میں قابلِ اعتماد اطلاع فراہم کرنے والوں کو 10 سے 15 لاکھ روپے تک کے نقد انعامات دے گی۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بلوچستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں اور بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سکیورٹی اداروں نے عسکریت پسندوں کے نیٹ ورک، ان کے سہولت کاروں اور معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں اور نگرانی تیز کردی ہے۔

سکیورٹی اہلکار کے مطابق مطلوب خواتین صوبے میں ’دہشت گردی‘ کے مختلف واقعات میں براہِ راست ملوث یا مختلف اوقات میں عسکریت پسندوں کو سہولت کاری فراہم کرتی رہی ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حکومت بلوچستان اور سکیورٹی اداروں نے مکمل چھان بین کے بعد ان خواتین کے نام جاری کرنے اور ان کی گرفتاری یا نشاندہی میں مدد دینے والوں کے لیے نقد انعامات مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت بلوچستان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبے میں بدامنی پھیلانے والے مطلوب دہشت گردوں اور ان کے ہاتھوں استعمال ہونے والی مطلوب خواتین کی تلاش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔

حکومت کے مطابق مطلوب خواتین کی گرفتاری میں مدد دینے یا ان کے بارے میں قابلِ اعتماد اطلاع فراہم کرنے والوں کو نقد انعام دیا جائے گا، جبکہ اطلاع دینے والے شخص کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔

حکام کی جانب سے جاری کیے گئے ناموں میں حنیفاں ولد شیر محمد، حفصہ ولد اقبال، عائشہ ولد عبدالرشید، زہرہ ولد ملک محمد، رقیہ ولد ولید، عزیزاں ولد ابراہیم، امینہ ہانی ولد عبدالرشید، زرمین ولد واحد بخش، اقرا ولد علی مولا شامل ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ