
( ویب ڈیسک )کینیا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے جمو کینیاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ (JKIA) پر ملازمین کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہنے کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار اور بعض منسوخ ہوگئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینیا ایوی ایشن ورکرز یونین (KAWU) نے بتایا کہ ملازمین کی ہڑتال مختلف مطالبات اور شکایات کے باعث جاری ہے، جن میں کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ اجتماعی سودے بازی کا معاہدہ مکمل نہ ہونا بھی شامل ہے۔
یونین نے کینیا ایئرپورٹس اتھارٹی (KAA) اور کینیا ایئرویز کی ذیلی کمپنی Jambojet کے عدم تعاون پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
کینیا ایئرپورٹس اتھارٹی نے اتوار کو تصدیق کی تھی کہ بعض پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، تاہم تاخیر کی وجوہات کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ متعلقہ حکام نے بعد ازاں رائٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں:تیل کا بحران،ایشیائی ملکوں کی لاٹری نکل آئی
ہڑتال کے باعث مسافروں کو اپنی پروازوں کے بارے میں معلومات کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔ روانڈا کی قومی ایئرلائن RwandAir نے بھی بتایا کہ نیروبی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول کے مسائل کے باعث اس کی دو پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
فلوریڈا میں ایک شادی میں شرکت کے لیے سفر کرنے والے ربی مینڈل گولڈمین نے بتایا کہ انہیں پہلے پرواز کے رات ایک بجے تک مؤخر ہونے کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد مزید تاخیر کرکے صبح ساڑھے چار بجے کا وقت بتایا گیا۔
ان کے مطابق بعد میں انہیں بتایا گیا کہ پرواز منسوخ ہوچکی ہے اور اگلی دستیاب پرواز اگلی رات ہی مل سکتی ہے۔
گولڈمین نے بتایا کہ وہ اس وقت تک تقریباً 12 گھنٹے ایئرپورٹ پر انتظار کرچکے تھے۔
کینیا ایوی ایشن ورکرز یونین کے سیکریٹری جنرل موس ندیما نے بتایا کہ یونین اور حکومتی حکام کے درمیان اتوار کو مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہوئے، تاہم کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
ان کے مطابق فریقین نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور اگلا اجلاس منگل کو صبح 11 بجے ہوگا۔
تاہم اس دوران ہڑتال جاری رہے گی، جس کے باعث کینیا کے مرکزی ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کو مزید پروازوں میں تاخیر اور ممکنہ منسوخی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

