کیلا یا کھجور؟ دل، ہاضمے اور بلڈ شوگر کے لیے کون سا پھل بہتر ہے؟
چار سے پانچ کھجوروں میں تقریباً 3 گرام فائبر ہوتا ہے
کیلا اور کھجور دونوں ہی صحت بخش اور قدرتی طور پر میٹھے پھل ہیں تاہم دونوں کے فوائد مختلف ہیں۔ کیلا بلڈ شوگر کو نسبتاً متوازن رکھنے اور پوٹاشیم حاصل کرنے کے لیے اچھا انتخاب ہے اسی طرح کھجور میں فائبر زیادہ ہوتا ہے جو ہاضمے کے لیے مفید ہے۔
فائبر کے لحاظ سے
چار سے پانچ کھجوروں میں تقریباً 3 گرام فائبر ہوتا ہے جبکہ ایک درمیانے کیلے میں تقریباً 2 گرام فائبر پایا جاتا ہے۔ فائبر ہاضمے کو بہتر بنانے، دل کی صحت برقرار رکھنے اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ورزش سے پہلے کیا کھائیں؟
ورزش سے فوراً پہلے زیادہ فائبر والی غذا کھانے سے بعض افراد کو معدے میں تکلیف ہوسکتی ہے۔ اس لیے اس وقت کیلا بہتر انتخاب ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب روزمرہ خوراک میں فائبر بڑھانے کے لیے کھجور مفید ہے۔
پوٹاشیم کے لیے کون بہتر ہے؟
کیلا پوٹاشیم کا اچھا ذریعہ ہے۔ ایک درمیانے کیلے میں تقریباً 375 ملی گرام پوٹاشیم جبکہ چار سے پانچ کھجوروں میں تقریباً 260 ملی گرام پوٹاشیم ہوتا ہے۔ پوٹاشیم دل، پٹھوں اور بلڈ پریشر کے لیے اہم معدنی جز ہے۔
دیگر فوائد
کیلے میں وٹامن سی، بی وٹامنز، آئرن اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جبکہ کھجور فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، میگنیشیم اور بی وٹامنز فراہم کرتی ہے۔ یہ غذائی اجزا دل، ہاضمے اور مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہوسکتے ہیں۔
احتیاط بھی ضروری
کیلا عام طور پر محفوظ غذا ہے تاہم بعض افراد کو اس سے الرجی ہوسکتی ہے۔ کھجور میں قدرتی شکر اور کیلوریز نسبتاً زیادہ ہوتی ہیں، اس لیے اسے بھی مناسب مقدار میں کھانا بہتر ہے۔

