ریاض، ۲۸ جولائی: یمن کی حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب کے خام تیل کی ترسیل کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق تنظیم کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی شہر ینبع میں خام تیل کی سپلائی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق تنصیبات نشانہ بنائی گئیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ سعودی ڈرونز کی جانب سے یمنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے ردعمل میں کیا گیا۔
اسی دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ برطانیہ کی جانب سے حوثی حملوں کی مذمت اور بحیرۂ احمر میں جہاز رانی کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ سعودی عرب کی سلامتی کیلئے حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
شپنگ ڈیٹا کمپنی کیپلر کے مطابق حالیہ کشیدگی کے بعد اتوار کو آبنائے باب المندب سے صرف ۱۱؍ تجارتی جہاز گزرے، جو کئی ماہ کی کم ترین تعداد ہے۔ باب المندب دنیا کا چوتھا اہم ترین بحری راستہ ہے جہاں سے عالمی تیل و گیس کی تقریباً ۱۰؍ فیصد سپلائی گزرتی ہے۔

