اسلام آباد: فائر سیفٹی کے ’ناکافی انتظامات‘، میریٹ ہوٹل کو بھی نوٹس جاری

398182 543121960


پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد سے کیے جانے والے اقدامات کے تحت اب لگژری ہوٹل میریٹ کو بھی فائر سیفٹی کے ’ناکافی انتظامات‘ پر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ نوٹس کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس کی کاپی انڈپینڈنٹ اردو کے پاس موجود ہے۔

اس سے قبل سی ڈی اے داراالحکومت کی آٹھ دیگر عمارتوں کو فائر سیفٹی کے ’ناکافی انتظامات‘ کی بنیاد پر سیل کر بھی کر چکا ہے۔

یہ کارروائیاں 26 اگست کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی موت کے چند روز بعد سامنے آئی ہیں۔

واقعے کے بعد 29 اگست کو وزیراعظم شہباز شریف نے تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں پمز اور متعلقہ اداروں کے آٹھ افسران کو معطل کر کے فوری طور پر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

حادثے کے بعد سی ڈی اے نے بھی اسلام آباد میں مختلف عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ تیز کر دی ہے۔ فائر اور لائف سیفٹی تقاضے پورے نہ کرنے والے بعض ہسپتالوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلام آباد میں واقع معروف ہوٹل میریٹ کو یکم ستمبر کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے ہوٹل کا معائنہ کیا گیا، جس کے دوران فائر اور لائف سیفٹی کے انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل اسلام آباد فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشنز 2010 کے سیکشن 3 اور 4 کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اس بارے میں مزید جاننے کے لیے انڈپینڈنٹ اردو نے میریٹ ہوٹل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو وہاں کے فائر اینڈ سیفٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہوٹل انتظامیہ سی ڈی اے کی ہدایات پر عمل کرے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے انتظامات مکمل کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا ہے اور ہوٹل انتظامیہ آئندہ 7 سے 8 روز میں ان تمام نکات پر عمل درآمد کر دے گی جن کی نشاندہی سی ڈی اے کی انسپیکشن ٹیم نے کی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں فائر اینڈ سیفٹی کے انتظامات مکمل کیوں نہیں تھے تو ان کا کہنا تھا کہ ’سی ڈی اے کی جانب سے صرف چند معمولی نوعیت کے نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔‘

فائر اینڈ سیفٹی افسر کے مطابق ’سی ڈی اے نے تین سے چار نکات کی نشاندہی کی ہے اور میریٹ انتظامیہ ان تمام چیزوں پر عمل کرے گی جن کے بارے میں انسپیکشن ٹیم نے ہمیں آگاہ کیا ہے۔ ہم ان پر عمل کر رہے ہیں۔‘

سی ڈی اے نے ہوٹل انتظامیہ کو نشاندہی کی گئی خامیاں دور کرنے اور مطلوبہ اقدامات مکمل کرنے کے بعد کمپلائنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ حفاظتی اقدامات مکمل نہ کیے گئے تو ہوٹل کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں عمارت کو سیل کرنا بھی شامل ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ