
(ویب ڈیسک)امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز 1208 نے 31 اگست کو منیاپولس سینٹ پال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اورلینڈو کے لیے اڑان بھری، تاہم ٹیک آف کے تقریباً 4 منٹ بعد عملے نے پائلٹ کو پیش آنے والی طبی ہنگامی صورت حال کے باعث واپس ایئرپورٹ آنے کی درخواست کردی۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ کے مطابق عملے کے ایک رکن نے کہا، ’ہمیں فوری طور پر واپس ایئرپورٹ آنا ہے۔‘
عملے نے ہنگامی صورت حال کی نوعیت بتاتے ہوئے کہا کہ پائلٹ کے ممکنہ طور پر بے ہوش یا پرواز جاری رکھنے سے قاصر ہونے کا خدشہ ہے، ڈیلٹا کے مطابق عملے نے طے شدہ حفاظتی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی ترجیح حاصل کی۔
ڈیلٹا کے ترجمان کے مطابق بوئنگ 757-300 طیارے میں 178 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے، طیارے نے تقریباً صبح 11 بج کر 29 منٹ پر پرواز شروع کی اور محفوظ انداز میں منیاپولس ایئرپورٹ پر واپس اتر گیا،کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ پائلٹ اور مسافروں کی معاونت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ
طیارے کے بحفاظت لینڈ کرنے کے بعد ڈیلٹا نے نیا فضائی عملہ فراہم کیا، جس کے بعد پرواز نے اورلینڈو کا سفر دوبارہ شروع کیا اور اسی شام منزل پر پہنچ گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند ہفتے قبل فرنٹیئر ایئر لائنز کی ایک پرواز میں لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے 4 فضائی میزبانوں کو سر درد اور متلی کی شکایت کے باعث طبی ہنگامی صورت حال کا اعلان کرنا پڑا تھا تاہم اس واقعے میں عملے کی بیماری کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تھی۔

