ویمنز ایشیا کپ، محسن نقوی کی قومی ویمن ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کو جیت کا ہدف دے دیا

محسن نقوی 3.webp


ویمنز ایشیا کپ، محسن نقوی کی قومی ویمن ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کو جیت کا ہدف دے دیا

تسلسل کے ساتھ کھیلیں اور اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں، چیئرمین پی سی بی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے دبئی میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور ویمنز ایشیا کپ کے لیے قومی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔

محسن نقوی کی قومی ویمن ٹیم سے ملاقات آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے موقع پر ہوئی۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ وہاب ریاض سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف بھی موجود تھا۔

چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ایونٹ کے لیے ان کی تیاریوں کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں بھرپور انداز میں کھیلنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ تسلسل کے ساتھ کھیلیں اور اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں۔

انہوں نے قومی ویمن کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ میچ ٹو میچ کھیلیں اور ہر مقابلے میں جیت کے لیے میدان میں اتریں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ویمنز ایشیا کپ میں پاکستان ویمن ٹیم سے قوم کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

اس موقع پر قومی ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کو یقین دلایا کہ وہ ایونٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور تیاری کی گئی ہے۔

کھلاڑیوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ قومی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ