اسلام آباد پولیس کے ساون ڈویژن نے غیر اخلاقی سرگرمیوں اور تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 41 افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ خصوصی کریک ڈاؤن SSP آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا۔
کارروائی کی نگرانی SP ساون سرکل خرم اشرف نے کی جبکہ آپریشن کی قیادت SHO تھانہ لوہی بھیر فواد خالد نے کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق SHO فواد خالد کی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اور مؤثر نگرانی کے باعث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس کے مطابق 10 جنوری 2026 کو مختلف مقامات پر کی گئی کارروائیوں کے دوران مقدمہ نمبر 34/26 کے تحت دفعہ 294 PPC میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث 16 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کی تفتیش سب انسپکٹر امیر علی سومرو کر رہے ہیں۔
اسی طرح مقدمہ نمبر 33/26 کے تحت دفعہ 8، 9، 10 اور 11 تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 18 افراد کو گرفتار کیا گیا، اس مقدمے کی تفتیش ASI محمد ریفان کے سپرد ہے۔
مزید برآں مقدمہ نمبر 32/26 کے تحت دفعہ 294 PPC میں 7 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن کی تفتیش سب انسپکٹر عرفان اشرف کر رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ SHO فواد خالد کی تعیناتی کے بعد تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں غیر اخلاقی سرگرمیوں، عوامی شکایات اور قانون شکنی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ غیر اخلاقی سرگرمیوں، عوامی بے راہ روی اور تمباکو ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔

