61 ویں یوم دفاع و یوم شہداء پر افواج پاکستان کا شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت

افواج پاکستان.webp


61 ویں یوم دفاع و یوم شہداء پر افواج پاکستان کا شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت

6 ستمبر قومی اتحاد، عزم اور جرات کی لازوال علامت ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: 61 ویں یوم دفاع و یوم شہداء کے موقع پر افواج پاکستان نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ کے لیے اظہار تعظیم، تکریم اور تشکر کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور جنرل عامر رضا سمیت مسلح افواج نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، عزم اور جرات کی لازوال علامت ہے جب کہ 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہوکر کھڑی ہوئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں، میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں جب کہ شہداء کے خاندان استقامت اور حوصلے کی پائیدار علامت ہیں۔

مسلح افواج نے پاکستان کے غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستانی عوام سے غیر متزلزل وفاداری اور خدمت کے عہد کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہداء کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے، افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔



Source link

متعلقہ پوسٹ