فیکٹ چیک: مفت لیپ ٹاپ کے نام پر فراڈ، طلبہ اس وائرل لنک سے ہوشیار رہیں

fotojet 2026 09 07t133910 3941788770504 0


پاکستانی طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا دعویٰ کرنے والی ایک ویب سائٹ کا لنک واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کر رہا ہے۔

یہ پیشکش جعلی اور ویب سائٹ فراڈ نکلی ہے۔

دعویٰ کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے لنک میں صارفین کو ’فری لیپ ٹاپ فار اسٹوڈینٹس 2026‘ کے عنوان سے ایک ویب سائٹ پر بھیجا جاتا ہے جہاں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ طلبہ مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

ویب سائٹ درخواست دینے والوں سے ان کا پورا نام، تعلیمی سطح اور پسندیدہ لیپ ٹاپ برانڈ سمیت مختلف معلومات درج کرنے کو کہتی ہے۔

 

حقیقت کیا ہے؟

جب ویب سائٹ کی جانچ کے لیے فرضی معلومات کے ساتھ فارم پُر کیا گیا تو اگلے ہی مرحلے میں درخواست منظور ہونے کا پیغام دکھا دیا گیا۔

تاہم مبینہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے عمل کو آگے بڑھانے سے پہلے صارف کو یہ لنک متعدد واٹس ایپ کانٹیکٹس یا گروپس میں شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس طرح کسی مشکوک لنک کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کا طریقہ فشنگ اور آن لائن فراڈ میں استعمال ہونے والے عام حربوں میں شامل ہے۔

مذکورہ ویب سائٹ سے متعلق فیس بک نے بھی پوسٹ کو غلط معلومات قرار دیا جبکہ سری لنکا اور نائیجیریا میں بھی اسی ویب سائٹ سے متعلق کیے گئے سابقہ فیکٹ چیکس میں اسے جعلی قرار دیا جا چکا ہے۔

image 601788769746 0

image 611788769789 0

این سی سی آئی اے نے کیا کہا؟

 

پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان نے بھی ویب سائٹ کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ اس میں ایسی خصوصیات موجود ہیں جو عام طور پر آن لائن فشنگ اسکیمز سے منسلک ہوتی ہیں۔

ادارے نے شہریوں کو خبردار کیا کہ غیرمصدقہ ویب سائٹس پر اپنی ذاتی یا مالی معلومات فراہم نہ کریں۔

نتیجہ

طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا دعویٰ کرنے والی وائرل ویب سائٹ کا کسی مستند لیپ ٹاپ اسکیم سے تعلق نہیں۔ یہ جعلی ویب سائٹ ہے جو مفت لیپ ٹاپ کا لالچ دے کر صارفین سے معلومات حاصل کرنے اور لنک مزید لوگوں تک شیئر کروانے کی کوشش کرتی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ