پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق یومیہ معاوضے میں اضافے کا اطلاق آئندہ انسدادِ پولیو مہم سے ہوگا۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ لسننگ سیشنز کا انعقاد کیا گیا، لسننگ سیشنز میں پولیو ورکرز نے اعلیٰ قیادت کے ساتھ براہِ راست اپنے خیالات، تجاویز اور مسائل شیئر کیے۔ فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ لسننگ سیشنز کے بعد یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں اضافہ ان کی محنت، لگن اور خدمات کا اعتراف ہے۔ فرنٹ لائن پولیو ورکرز ملک کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک بھر کے 115 اضلاع میں منعقد کی جائے گی، ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں، اپنے پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو اس مہم کے دوران پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔
Source link

