نیتن یاہو نے اسرائیل کو تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار کر دیا آئزن کوٹ

news 1794203303 5498



news 1794203303 5498

(ویب ڈیسک )نیتن یاہو کی حکومت کے خاتمے کے لیے سابق اسرائیلی آرمی چیف گادی آئزن کوٹ میدان میں آگئے۔

 انہوں نے حکومت سازی کا عمل شروع کرتے ہوئے نیتن یاہو کے اتحادیوں سے رابطے کیے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے وزیراعظم نے اسرائیل کو تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار کر دیا ہے۔

اسرائیل کے سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ نے اتوار کو نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششوں کا باضابطہ آغاز کر دیا، صدر اسحاق ہرزوگ نے انہیں حکومت سازی کا اختیار دیتے ہوئے 28 دن کی مہلت دی ہے، تاہم ان کے سیاسی اتحاد کو پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل نہیں۔ 66 سالہ آئزن کوٹ نے اسرائیل میں بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم ختم کرنے اور قومی ہنگامی حکومت قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

صدارتی دفتر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئزن کوٹ نے خبردار کیا کہ اسرائیل ہنگامی صورت حال سے گزر رہا ہے اور ملک ایک ایسے موڑ کے قریب پہنچ چکا ہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی حکومت کی تشکیل کے لیے روایتی سیاست سے ہٹ کر غیر معمولی اور تخلیقی اقدامات کرنا ہوں گے۔

 یہ بھی پڑھیں:ہیلی کاپٹر گر گیا!

مراکش سے تعلق رکھنے والے محنت کش خاندان میں پیدا ہونے والے آئزن کوٹ اگر وزیراعظم منتخب ہوگئے تو وہ اسرائیل کے پہلے سفاردی وزیراعظم ہوں گے۔

واضح رہے کہ  سفاردی طبقہ زیادہ تر مشرق وسطیٰ کے ممالک اور شمالی افریقہ کے خطے سے اسرائیل میں آنے والے یہودیوں کا ہے۔ جبکہ اسرائیلی سیاست میں طویل عرصے سے یورپی پس منظر رکھنے والے اشکنازی طبقے کا غلبہ رہا ہے۔

 دوسری جانب بینجمن نیتن یاہو تقریباً دو دہائیوں سے مختلف ادوار میں وزیراعظم رہ چکے ہیں اور ان کے دور میں اسرائیل کی سیاست مزید دائیں بازو کی جانب مائل ہوئی۔ 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں کے بعد غزہ، لبنان اور ایران میں جنگوں نے بھی ملک کو شدید بحران سے دوچار کیا۔

آئزن کوٹ اور صدر اسحاق ہرزوگ دونوں نے نیتن یاہو کے دور میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی عالمی تنہائی پر تشویش ظاہر کی۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو بھی نیتن یاہو مطلوب ہیں۔

 امریکا میں ڈیموکریٹس کی حالیہ انتخابی کامیابی کے بعد اسرائیل کے لیے امریکی حمایت پر نظرثانی کے مطالبات بھی زور پکڑ رہے ہیں۔

 آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت کو بھی نئی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے، تاہم ان کے لیے وزیراعظم کا عہدہ خود اپنے پاس رکھنے کی شرط رکھی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ