اسلام آباد: پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) کے درمیان مجموعی طور پر 603 ملین ڈالر کے تین مالیاتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ معاہدے ایم-6 سکھر–حیدرآباد موٹروے منصوبے، انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی غربت سے نجات (PGEP) منصوبے اور آزاد جموں و کشمیر میں اسکول سے باہر بچوں کے منصوبے کے لیے ہیں۔
معاہدوں پر دستخط اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد کیے گئے، جن میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد کی قیادت میں وفد شریک ہوا۔
منصوبوں کے معاہدوں پر باضابطہ دستخط اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد اور سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد ہمایوں کریم نے کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
معاہدوں کے تحت اسلامی ترقیاتی بینک ایم-6 سکھر–حیدرآباد موٹروے کے لیے 475 ملین ڈالر فراہم کرے گا، جو مجوزہ پشاور–کراچی موٹروے کا ایک اہم حصہ ہے اور ملکی رابطہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد دے گا۔
اسی طرح انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی غربت سے نجات (PGEP) منصوبے کے لیے بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 134.2 ملین ڈالر ہے، جس میں سے 118.4 ملین ڈالر اسلامی ترقیاتی بینک فراہم کرے گا۔ اس منصوبے کا مقصد انتہائی غریب خاندانوں کو نقد امداد پر انحصار سے نکال کر پائیدار روزگار، معاشی خودکفالت اور سماجی استحکام کی طرف لے جانا ہے۔
یہ منصوبہ 25 اضلاع میں نافذ کیا جائے گا، جن میں 20 اضلاع کثیر جہتی غربت اشاریہ (MPI 2024) کی بنیاد پر منتخب کیے گئے ہیں جبکہ 5 اضلاع 2022 اور 2025 کے شدید سیلاب سے متاثرہ ہیں۔ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 60 ہزار 866 خاندانوں کو مستفید کیا جائے گا اور ایک لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اس میں اثاثہ جات کی فراہمی، بلاسود قرضے، ہنرمندی کی تربیت، بارش کے پانی کا ذخیرہ، موسمیاتی لحاظ سے موزوں زراعت اور کاروباری سہولیات شامل ہیں۔ یہ منصوبہ حکومتی ترجیحات اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ ہے۔
اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر میں اسکول سے باہر بچوں کے منصوبے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک 10 ملین ڈالر فراہم کرے گا، جس سے تقریباً 60 ہزار بچوں کو دوبارہ اسکول لانے اور 4 ہزار اساتذہ کی تربیت میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر نے کہا کہ ادارہ پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے، جبکہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے پاکستان کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی مسلسل معاونت کو سراہا۔

