سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ، جو دنیا کے سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے سیاسی لیڈر ہیں، نے اپنی تنخواہ میں سالانہ ۱۴ لاکھ سنگاپوری ڈالر کے اضافے کو آئندہ پانچ سال تک وقف کرنے کا عہد کیا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں مقررہ فریم ورک کے تحت تنخواہ دیتی رہے گی، تاہم وہ یہ اضافہ نیک کاموں کے لیے عطیہ کریں گے۔ بونس سمیت ان کا سالانہ معاوضہ ۲۲ لاکھ سے بڑھ کر ۳۶ لاکھ سنگاپوری ڈالر ہو جائے گا۔ سنگاپور کے دیگر سیاسی عہدیداران بشمول وزراء کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے؛ ابتدائی سطح کے وزیر کی بنیادی تنخواہ ۱۱ لاکھ سے بڑھ کر ۱۸ لاکھ سنگاپوری ڈالر ہو جائے گی۔ وونگ نے واضح کیا کہ وہ پانچ سال بعد اپنے فیصلے کا از سرِ نو جائزہ لیں گے اور یہ کوئی غیر محدود عوامی عہد نہیں ہے۔ خیال رہے کہ ان کے پیشرو، سینئر وزیر لی ہسین لونگ، نے بھی ۲۰۰۷ء میں اسی طرح اپنی اضافی تنخواہ پانچ سال تک عطیہ کرنے کا عہد کیا تھا۔

