سوشل میڈیا پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے منسوب ایک نوٹس تیزی سے گردش کر رہا ہے۔
اس نوٹس میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ مخصوص فون نمبر (051) 7080507 سے آنے والی کال ہرگز نہ اٹھائیں، کیونکہ مبینہ طور پر اس سے چند سیکنڈز میں جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر موبائل اکاؤنٹس سے رقم چوری ہو سکتی ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔
دعویٰ کیا ہے؟
3 ستمبر کو ایک صارف نے ایکس پر پی ٹی اے سے منسوب نوٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ (051) 7080507 سے آنے والی کال اٹھانے پر فراڈ کرنے والے چند سیکنڈز میں صارف کے جاز کیش، ایزی پیسہ یا دیگر موبائل اکاؤنٹس سے رقم نکال سکتے ہیں۔
یہ دعویٰ بعد ازاں فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی پھیل گیا۔
🚨 سائبر فراڈ الرٹ!
اگر آپ کو (051) 7080507 سے کال آئے تو اسے ہرگز نہ اٹھائیں۔ یہ نوسرباز صرف چند سیکنڈز میں آپ کے جاز کیش، ایزی پیسہ یا دیگر موبائل اکاؤنٹس سے رقم غائب کر سکتے ہیں۔
احتیاط کریں اور یہ معلومات دوسروں تک پہنچائیں!
#CyberSecurityAlert #PTA #ScamWarning #Pakistan… pic.twitter.com/Qwitqj8Slf— Iram (Summan) Dar ♌ (@summandar01) September 3, 2026
حقیقت کیا ہے؟
پی ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ گورنمنٹ افیئرز احمد شمیم نے تصدیق کی کہ ادارے کی جانب سے ایسا کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
بعد ازاں پی ٹی اے نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی وائرل نوٹس کی تردید کرتے ہوئے اسے ’جھوٹا اور گمراہ کن‘ قرار دیا اور واضح کیا کہ مذکورہ الرٹ پی ٹی اے کی جانب سے جاری نہیں ہوا۔
وائرل دستاویز کی زبان اور فارمیٹنگ بھی پی ٹی اے کے سرکاری نوٹس سے مطابقت نہیں رکھتی۔

نتیجہ
(051) 7080507 سے کال اٹھاتے ہی جاز کیش یا ایزی پیسہ سے رقم چوری ہونے سے متعلق پی ٹی اے سے منسوب وائرل نوٹس جعلی ہے۔ پی ٹی اے نے ایسا کوئی انتباہ جاری نہیں کیا اور خود بھی اس دستاویز کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دے چکا ہے۔

