نیویارک — نائن الیون حملوں میں اپنے والد کو کھونے والے مائیک ماسارولی نے متاثرین کے ناموں کی سالانہ خواندگی کی تقریب کے اختتام پر نفرت کے خلاف پُرزور آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا: "اس سانحے کو نفرت پھیلانے کیلئے استعمال کرکے آپ میرے والد اور تمام متاثرین کی میراث کے ساتھ انصاف نہیں کر رہے۔” ماسارولی، جو حملوں کے وقت صرف چھ سال کے تھے، نے مزید کہا کہ گزشتہ ۲۵ برسوں میں انہوں نے لوگوں کو نائن الیون کا حوالہ دے کر مسلمانوں سے نفرت کرتے دیکھا ہے، جو "غلط” ہے۔
نیویارک، پنسلوانیا اور ورجینیا میں تقریبات ہوئیں جن میں تمام زندہ سابق امریکی صدور — بش، کلنٹن، اوباما اور بائیڈن — کے علاوہ نائب صدر جے ڈی وینس نے شرکت کی، جبکہ صدر ٹرمپ نے پینٹاگون میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سٹی ہال کے قریب اسلام مخالف مظاہرین کا ایک چھوٹا گروپ بھی جمع ہوا جس کے گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ براؤن یونیورسٹی کے مطابق نائن الیون کے بعد کی جنگوں میں ۴۵ سے ۴۷ لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔

