سعودی عرب پر حوثی حملوں کے بعد شہباز شریف کا محمد بن سلمان سے اہم ٹیلیفونک رابطہ
شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران سعودی ولی عہد کی دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت کو سراہا
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت و توانائی کی فراہمی میں مزید خلل ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران سعودی ولی عہد کی دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت کو سراہا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور جلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

