مطالبات مان لیے جائیں ورنہ تحریک حکومت گراؤ، انقلاب لاؤ میں تبدل ہوجائے گی، حافظ نعیم الرحمان

jamaat islami1789847226 0



جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف سپر لانگ مارچ کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوگا اور مطالبہ کیا کہ عوام کے مطالبات مان لیے جائیں ورنہ یہ تحریک حکومت گراؤ اور انقلاب لاؤ کی تحریک میں تبدیل ہو جائے گی۔

پیٹرولیم لیوی کے خلاف گورنر ہاؤس کراچی میں جاری دھرنے کے 35ویں روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف 20 ستمبر کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے تاریخی ٹرین مارچ شروع ہوگا، کراچی کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں بھی اسٹیشن پر رخصت کرنے آئیں گی اور اپنی دعائیں میں رخصت کریں گی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے بھی کارواں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں دھرنے جاری ہیں، چاروں طرف سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، دھرنے کے 35 دنوں میں پورے پاکستان کے عوام کو معلوم ہوگیا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس لے رہی ہے اور صرف جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہی ہے، جماعت اسلامی کی تحریک اب آگے بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سپر لانگ مارچ کے اعلان کے بعد آج پھر حکومتی مذاکراتی کمیٹی منصورہ میں ملاقات کے لیے آئی اور سپر لانگ مارچ مؤخر کرنے اور مزید موقع دینے کا کہا گیا، حکومت پیٹرول لیوی ختم کردے ہم حکومت کی بات مان لیں گے، اگر عوام کے مطالبات نہیں مانے گئے تو عوام کا مارچ تو ملک کے چاروں طرف سے اسلام آباد آئے گا اور اس وقت تک واپس نہیں جائے گا جب تک مطالبات منظور نہیں کیے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم متنبہ کرتے ہیں کہ عوام کے مطالبات مان لیے جائیں ورنہ یہ تحریک حکومت گراؤ اور انقلاب لاؤ کی تحریک میں تبدیل ہو جائے گی، ہمیں خیرات نہیں اپنا حق چاہیے اور پیٹرول لیوی کا خاتمہ اور آئی پی پیز مافیا سے نجات چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تو کہتی ہے کہ ہمیں تو عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے کہا کہ کسی بھی طرح سے پیسے پورا کریں، حکمران کہتے ہیں کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھی ہوئی ہیں کیا یہ قیمتیں بنگلہ دیش، انڈیا اور چین میں نہیں بڑھیں، ایسے حالات میں پاکستان میں 130 اور 140 روپے فی لیٹر اضافہ کیسے ہوگیا جب کہ دیگرممالک میں صرف 10 فیصد یا 30 فیصد ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے ماہر معیشت کہتے ہیں کہ اگر ہم نے سود کا ریٹ کم کیا تو مہنگائی بڑھ جائے گی، سود اللہ اور اس کے رسول سے بغاوت ہے لیکن حکومت سود ختم کرنے پر تیار نہیں ہے، حکمرانوں کے بچے دبئی، لندن اور سوئٹزر لینڈ میں پڑھتے ہیں، ہمارے بچوں کو تعلیم کی سہولت میسر نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گورنر نہال ہاشمی کے لیے ایک ارب 62 روڑ روپے کا بجٹ ہے، پاکستان کے 4 گورنر ہاؤس کے لیے بجٹ 5 ارب روپے کا ہے، گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی ہونا چاہیے تھا، ہمیں موقع ملا تو تمام گورنر ہاؤسز کو آئی ٹی یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے۔

جلسے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان  نے کہا کہ اہل کراچی کو سلام پیش کرتا ہوں کہ آج 35 ویں دن بھی دھرنے میں بھر پور جوش و جذبے اور حوصلے کے ساتھ موجود ہیں اور دھرنا گاہ کو آباد کیا ہے، اس میں خواتین بھی خراج تحسین کی مستحق ہیں اور 35 روزہ تاریخی دھرنا اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو صبح 10 بجے حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں سپر ٹرین مارچ روانہ ہوگا، پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک کے ہر شخص کے زبان پر جاری ہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد نے پورے پاکستان کے عوام کو بیدار کر دیا ہے، ملک میں صرف چند لوگوں نے 25 کروڑ عوام کا جینا مشکل کیا ہوا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدو جہد ظالمانہ نظام ختم کرنے کی جدو جہد ہے، جس نے لوگوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے، سندھ میں گزشتہ 18 سال سے ڈاکو راج ہے، کراچی تا کشمور عوام کا جینا حرام کیا ہوا ہے، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات تک دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ صوبہ سندھ کے 78 لاکھ بچے، جن میں 40 لاکھ بچیاں شامل ہیں، تعلیم  سے محروم ہیں، قوم کے بچوں کو جاہل بنایا جا رہا ہے اور حکمران خود عیاشیاں کر رہے ہیں، حکومت سندھ کے اربوں روپے کے تعلیمی بجٹ کے باجود شرح خواندگی کم ہوگئی، سندھ کے 75 فیصد تعلیمی اداروں میں بجلی، 36 فیصد میں پانی اور 25 فیصد تعلیمی اداروں میں واش روم کی سہولت  موجود نہیں ہے، سرکاری اسکولوں میں بچوں کی رجسٹریشن کم ہوکر 33 فیصد ہوگئی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ