لندن: شہزادی ڈائنا کے بھائی ارل اسپینسر نے اپنی یادداشت کے تازہ اقتباس میں دعویٰ کیا ہے کہ مرحوم ملکہ الزبتھ دوم نے ڈائنا کے کار حادثے کی ادھوری خبر سنتے ہی، صورتحال کی سنگینی سامنے آنے سے پہلے، چڑچڑے پن سے پوچھا تھا: "وہ اب کیا کر رہی ہے؟”
جمعہ کو سامنے آنے والے اقتباس میں ارل نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملکہ نے ڈائنا کا شاہی لقب بحال کرنے پر غور کیا تھا، جو انہوں نے چارلس سے طلاق کے وقت کھو دیا تھا۔ ان کے مطابق ملکہ چاہتی تھیں کہ ڈائنا کو فروگمور کے شاہی قبرستان میں دفن کیا جائے، جبکہ اسپینسر خاندان کا اصرار تھا کہ انہیں التھورپ لایا جائے۔
بی بی سی کو انٹرویو میں ارل نے دعویٰ دہرایا کہ ڈائنا کی موت کے بعد کنگ چارلس نے فون پر کہا تھا کہ ان کی بہن کو "جلد ہی بھلا دیا جائے گا”۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ بالکل وہی الفاظ ہیں جو اس نے کہے تھے۔” بکنگھم پیلس نے ردعمل میں کہا کہ بادشاہ جانتے ہیں کہ "غم عقل کو دھندلا سکتا ہے”۔
ایک شاہی مبصر نے ارل کے تبصرے کو "ناقابل یقین حد تک ناخوشگوار” اور "دشمنی پر مبنی” قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ تقریباً 30 سال بعد اس سانحے کو دوبارہ اٹھانے سے کسے فائدہ ہوگا۔ ان کے بقول ولیم اور ہیری یقیناً ایسا نہیں چاہیں گے۔

