دبئی کے حکمراں شیخ محمد کے بھائی شیخ احمد بن راشد آل مکتوم انتقال کر گئے، 10 روزہ سوگ کا اعلان

sheikh ahmed bin rashid al maktoum d


دبئی: دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے بھائی شیخ احمد بن راشد آل مکتوم پیر کی صبح انتقال کر گئے۔ دبئی میڈیا آفس اور حکمراں کے دیوان نے انتقال کی تصدیق کی، جس کے بعد دبئی میں 10 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سوگ کا آغاز پیر ہی سے ہو گیا ہے اور اس دوران تمام قومی پرچم سرنگوں رہیں گے۔ سرکاری بیان میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
شیخ محمد بن راشد نے بھائی کے انتقال پر جذباتی تعزیتی پیغام میں کہا، "آپ ہماری نظروں سے اوجھل ہو گئے ہیں، لیکن ہماری دعاؤں اور دلوں سے کبھی دور نہیں ہوں گے۔” انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شیخ احمد کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے۔
شیخ احمد 1950 میں پیدا ہوئے اور دبئی کے مرحوم حکمراں شیخ راشد بن سعید آل مکتوم کے سب سے چھوٹے بیٹے تھے۔ انہوں نے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں دبئی کی مرکزی فوجی کمان سے وابستہ ہوئے، جہاں اعلیٰ عہدے تک پہنچے۔ بعد ازاں وہ دبئی پولیس اور پبلک سیکوریٹی کے نائب چیئرمین بھی رہے۔ سرکاری و مقامی ذرائع کے مطابق وہ طویل عرصے تک دبئی کے سیکوریٹی نظام میں اہم ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ سرکاری امور کے ساتھ ساتھ انہیں کاروبار، جائیداد اور کھیلوں سے بھی دلچسپی تھی۔ وہ اے آر ایم ہولڈنگ کے گروپ چیئرمین اور دبئی ریئل اسٹیٹ سینٹر سے بھی وابستہ رہے۔
موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق تدفین اور نماز جنازہ سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

متعلقہ پوسٹ